کھلے بوفے میں ہمہ نوع کھانوں کے خلاف سعودی عالم دین کا فتویٰ

کھلے بوفے میں ہمہ نوع کھانوں کے خلاف سعودی عالم دین کا فتویٰ

ریاض :سعودی عرب کے ایک عالم دین نے بوفے میں پیش کیے جانے والے انواع واقسام کے کھانوں کی غیر متعین مقدار کے خلاف ایک فتویٰ جاری کیا ہے جس کے بعد سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے اور بعض لکھاریوں نے اس فتوے کو مضحکہ قرار دیا ہے۔
معروف عالم دین شیخ صالح الفوزان نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے قرآن ٹی وی پر ایک پروگرام کے دوران ایک فتوی جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ بوفے میں کھلے عام کھانا خلاف اسلام ہے اور کھانے کی مقدار کو فروخت سے پہلے واضح کیا جانا چاہیے اور خریدار کو پتا ہونا چاہیے کہ وہ کیا خرید کررہا ہے۔
علامہ فوزان نے کہا کہ ''جو حضرات بھی دس یا پچاس ریال کے بدلے میں بوفے کے لیے جاتے ہیں اورکھانے کی مقدار کا تعین نہیں کرتے تو وہ خلاف شرع (غیر اسلامی)کھانا کھاتے ہیں''۔شیخ صالح فوزان نے یہ فتوی کیا جاری کیا ہے کہ اب ان کے خلاف ٹویٹر پر بوفے کے حامیوں نے ایک طوفان بدتمیزی برپا کردیا ہے اور ان کے فتوے پر کڑی تنقید کی ہے۔