پاکستانی وزیر اعظم سے مثبت بات چیت ہوئی: ٹرمپ آفس

پاکستانی وزیر اعظم سے مثبت بات چیت ہوئی: ٹرمپ آفس

نیویارک: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر نے وزیر اعظم نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفونک بات چیت کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ٹرمپ دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے ٹرمپ کی بات چیت تعمیری رہی جس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا مستقبل میں کیسے مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ قائم کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف اور امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی تھی۔ بات چیت کے بعد وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ نے وزیراعظم نواز شریف کو ایک شان دار شخصیت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ نواز شریف بہت اچھی ساکھ کے حامل ہیں، وہ ہر شعبے میں شان دار کام کر رہے ہیں اور یہ کہ ٹرمپ ان سے جلد ملاقات کے خواہش مند ہیں۔

تاہم ٹرمپ کے دفتر سے جاری بیان میں صرف اتنا کہنے پر اکتفا کیا گیا کہ نومنتخب صدر ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے درمیان بات چیت تعمیری رہی جس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا مستقبل میں کیسے مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ قائم کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف سے پائیدار اور مضبوط ذاتی تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کے دفتر کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے جیسے میں کسی ایسے آدمی سے بات کر رہا ہوں جسے میں ایک عرصے سے جانتا ہوں، پاکستان کے دورے کی دعوت پر انھوں نے کہا کہ وہ شاندار لوگوں کے اس شاندار ملک کا دورہ کر کے بے حد خوشی محسوس کریں گے اور وہ تصفیہ طلب معاملات کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہیں۔ 

واضح رہے کہ انٹرنیشنل میڈیا نے وزیر اعظم اور نومنتخب امریکی صدر کے درمیان بات چیت کے بعد ایوان وزیر اعظم کی طرف سے جاری پریس ریلیز پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔