آج سے غیر تصدیق شدہ موبائل فون بند ہوجائیں گے

آج سے غیر تصدیق شدہ موبائل فون بند ہوجائیں گے
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے جعلی موبائل کا استعمال روکنے کا نظام فعال کر دیا۔

آج کے بعد ایسی تمام نئی موبائل فون ڈیوائسز جن کے آئی ایم آئی بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں انہیں غیر تصدیق شدہ موبائل سمجھا جائے گا اور انہیں پاکستان میں بند کر دیا جائے گا اس لیے صارفین باہر سے موبائل فون منگوانے میں احتیاط برتیں۔


آج سے سمگل شدہ موبائل فونز بند کر دئیے جائیں گے۔اس سے قبل پی ٹی اے نے 20 اکتوبر کے بعد چوری شدہ موبائل فون بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا سینیٹ کی کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے نوٹس لیتے ہوئے موبائل فون بند نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے آج سے موبائل فون تصدیقی نظام لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔


پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یکم دسمبر سے قبل پاکستانی نیٹ ورک پر موجود موبائل کام کرتے رہیں گے۔


بیان میں کہا گیا کہ یکم دسمبر کے بعد نان کمپلائنٹ موبائل فون اِن میں موجود سم کے ساتھ منسلک کر دیئے جائیں گے جبکہ نان کمپلائنٹ آئی ایم ای آئی والے نئے موبائل فون کام نہیں کر پائیں گے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین اپنے بند فونز میں یکم دسمبر سے قبل سم ڈالیں اور ایک میسج یا کال کریں، میسج یا کال کرنے سے موبائل فون کی سروس یکم دسمبر کے بعد چلتی رہے گی جبکہ 'ویلِڈ' کا میسج موصول ہونے والوں کو یکم دسمبر تک کمپلائنٹ کیٹگری میں شامل کر لیا جائے گا۔


اتھارٹی نے کہا کہ پی ٹی اے عوام میں آگاہی کے لیے مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے۔جعلی موبائل فونز کا استعمال روکنے، فون چوری کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کا نظام آج یکم دسمبر 2018 سے باقاعدہ فعال ہو گا۔