عوام کی بے احتیاطی سے پاکستان میں عالمی وبا پھیل گئی، مزید 66 افراد جاں بحق

Due to the carelessness of the people, a global epidemic spread in Pakistan, 66 more people died
کیپشن: پاکستان میں عالمی وبا نے پنجے گاڑ لئے ہیں، صورتحال الارمنگ ہے: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کے کیسوں اور اموات میں روزانہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 66 افراد کی اموات کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8091 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک دن میں 2458 کیس رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اس وقت عالمی وبا کے 4 لاکھ 482 کنفرم کیسز موجود ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 49 ہزار 105 ہے۔ صوبہ پنجاب کی صورتحال سب سے خراب ہے جہاں مریضوں اور وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

صوبہ پنجاب میں کنفرم کیسوں کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار پانچ سو اٹہتر، ایکٹو کیسز سترہ ہزار نو سو اکتالیس اور اموات 3036 تک جا پہنچی ہیں۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں مرنے والوں کی تعداد دو ہزار نوسو پینتیس ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز 18 ہزار 816 اور کنفرم کیس 1 لاکھ 74 ہزار 350 ہیں۔

پاکستان کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں اموات ایک ہزار 369، ایکٹو کیس 4137 اور کنفرم کیس 47 ہزار 370 ہیں۔ اسلام آباد میں 30 ہزار 406 کنفرم کیس، پانچ ہزار نو سو پینتالیس ایکٹو کیس اور اموات 318 رپورٹ ہوئی ہیں۔

گلگت بلتستان میں 4658 کنفرم کیس، 179 ایکٹو کیس اور مرنے والوں کی تعداد 97 ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 17 ہزار 187 کنفرم کیس، ایکٹو کیس 606 اور اموات 167 ہیں۔ آزاد جموں کشمیر کی بات کی جائے تو وہاں اب تک 169 عالمی وبا کے ہاتھوں موت کے منہ میں جا چکے ہیں، 1481 ایکٹو کیس جبکہ 6933 کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے عوام کی بے احتیاطیوں کو عالمی وبا پھیلنے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ وبا کی پہلی لہر کے دوران لوگوں کی جانب سے مکمل احتیاط اور حکومتی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان اس پر کامیابی سے قابو پانے میں کامیاب ہو گیا تھا، تاہم اب ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے وبا پھیلنے کے خطرات شدید حد تک بڑجھ چکے ہیں۔