ریپ کے مجرم کو نامرد بنانا جائز نہیں ،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

ریپ کے مجرم کو نامرد بنانا جائز نہیں ،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل
کیپشن: screen shot

لاہور،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ ریپ کے مجرم کو نامرد بنانا اسلام میں جائز نہیں ہے ۔ پروگرام عائشہ احتشام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  کیسٹریشن کا قانون بنانے سے قبل ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے قوانین کے بارے میں اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹ پہلے سے ہی تیار ہے ۔ زینب قتل کیس میں ہم سے مشاورت کی گئی تھی ۔ 

ماہر نفسیات ڈاکٹر معیز حسین نے کہا ہے کہ اگر ہم نے کسی مسئلے کو حل کرنا ہے تو پھر ہمیں ایسے قوانین بناناہوں گے جس کو قوم قبول کرے  ۔ آج کے دور میں ہم سنتے کم اور دیکھتے زیادہ ہیں اگر ہم ایسی سزا دیں جو عوام کو دکھائی جاسکیں تو اس کا فائدہ ہوگا ۔ 

 سعودی عرب میں جرائم کی شرح کم کیوں ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں پر سزا سرعام دی جاتی ہے ۔سب سے پہلے عوام کو یہ یقین ہونا چاہئے کہ اگر کسی نے جرم کیا اور وہ پکڑا گیا تو پھر سزا کوئی نہیں ٹال سکتا ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ کیسٹریشن کاقانون بنانے سے پہلے مشاورت کرتی ۔ جس کی جنسی صلاحیت ختم کی جاتی ہے وہ ختم نہیں ہوتی بلکہ کم ہوجاتی  ہے اور اس کی وجہ سے شدید غصہ اور ڈپریشن ہوتا ہے اور جس کو سزا دی جاتی  ہے وہ اپنے پہلے سے کئے ہوئے جرم سے بھی خطرناک کام کرنے لگ جائے گا ۔ اگر ہم نے جرائم کا خاتمہ کرنا ہے تو پھر سب کو ایسی سزائیں دینا ہوں گی  جن کو دیکھ کر لوگ ڈر جائیں اور محتاط رہیں ۔ 

جب تک عوام میں شعور بیدار نہیں ہوگا قانون بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ہر گھر میں کوئی نہ کوئی بیٹی بہو بہن موجود ہوتی ہے اگر گھر کے افراد کو یہ احساس ہوجائے کہ ہم نے اپنی خواتین کی حفاظت کیسے کرنی ہے تو نتائج مل سکتے ہیں ۔میڈیا کے تعاون سے سال ڈیڑھ سال کے لئے آگاہی مہم چلانی چاہئے تاکہ لوگو ں کو پتہ چل سکے ۔