حکومت ترس کھائے ، لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں ، مشی خان عام شہریوں کی خودکشیوں پر بول پڑیں

حکومت ترس کھائے ، لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں ، مشی خان عام شہریوں کی خودکشیوں پر بول پڑیں

کراچی : اداکارہ مشی خان نے کہا ہے کہ خدارا اس قوم پر ترس کھائیں لوگ آئے روز اپنی زندگیاں ختم کررہے ہیں ۔ یہ سب کیا ہورہا ہے ۔

اداکارہ نے اپنےٹویٹ پیغام میں حکومت سے عوام کی بہتری کے لئےاقدامات کی اپیل کردی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم ٹی وی کی معروف آرٹسٹ مشی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت کو پاکستان کے عوام کے لئے بہتر اقدامات کرنے چاہئیں ۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں مشی خان کراچی کے نجی شاپنگ مال میں شہری کی خودکشی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کررہی تھیں ۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ میں نے خودکشی کرنے والے شخص کی ویڈیو دیکھی جس کے بعد سے صدمے کی کیفیت سے دوچار ہوں، میری طبیعت یہ واقعات دیکھ کر عجیب ہورہی ہے کہ واقعی یہ سب ہورہا ہے .   انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ دنوں قبل ایک صحافی نے نوکری سے نکالے جانے پر مہنگائی کے باعث اپنی جان دے دی تھی۔

اداکارہ مشی خان نے حکومتی اداروں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’خدارا ہم سب کی حکومت سے اپیل ہے کہ کھانے پینے کی عام اشیاء کو سستا کریں، لوگ جان سے جارہے ہیں اور آپ لوگ پچھلی حکومتوں کا رونا رورہے ہیں، بس کردیں، اس قوم پر رحم کھائیں، لوگ خودکشی کررہے ہیں، قوم کا دل رکھیں جو اتنی بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بے روزگاری سے تنگ کراچی کے 29 سالہ ذوہیر نے معروف شاپنگ مال کے اندر تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی تھی اور اس سے چند روز قبل ایک اخبار میں کام کرنے والے کو نوکری سے نکال دیاگیا تھا جس پر اس نے رکشہ چلانا شروع کردیا تھا لیکن مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا ۔