کمپنی نے آئی فون صارفین کو ہیکنگ سے متعلق خبردار کر دیا

کمپنی نے آئی فون صارفین کو ہیکنگ سے متعلق خبردار کر دیا

کیلی فورنیا: ایپل کمپنی نے آئی فون صارفین کو ہیکنگ سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا پیگاسس کے نام سے ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو صارفین کا ڈیٹا خاموشی سے ہیک کر کے جاسوسی بھی کر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایپل کمپنی نے آئی فون صارفین کو خبردار کرتے ہوئے ہیکنگ الرٹ جاری کیا ہے جس میں تاریخ کی سب سے بڑی ہیکنگ کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی سائبر کمپنی نے پیگاسس کے نام سے ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو صارفین کا ڈیٹا خاموشی سے ہیک کر کے جاسوسی بھی کر سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سافٹ ویئر اگلے 5 سالوں تک آئی فون صارفین سمیت اینڈرائیڈ کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے بھی اپنا کام جاری رکھے گا۔

اس سے قبل ایپل کمپنی جاسوسی کے الزام میں اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ دائر کر چکی ہے۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیگاسس نامی سافٹ ویئر صارفین کا ڈیٹا چوری کر رہا ہے۔

پیگاسس نامی یہ سافٹ ویئر دراصل ایک اسپائی ویئر کا کام کرتا ہے جو 2016 میں اسرائیلی کمپنی نے ریاستی سرپرستی میں بنایا تھا تاہم ایپل اسرائیل کی این ایس او نامی کمپنی کو پہلے ہی بلیک لسٹ کر چکی ہے لیکن اسے پھر بھی اپنے صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے موجود پیغامات، تصاویر، ای میلز، کالز کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فون کے کیمرے کو صارف کے علم میں لائے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے۔