ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا

کراچی: ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے سیکورٹی پٌلان تیار کرلیا گیا ، اعلیٰ اجلاس میں حتمی انتظامات پر غور کیا گیا ،  تمام میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 13 دسمبر سے ہو گا۔

پولیس حکام کے مطابق دورے کا سکیورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تیار کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

  ڈی آئی جی مقصود احمد  نے کہا کہ  پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچزکے دوران 800 ایس ایس یو کمانڈوز سمیت 1500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ میچز کے دوران  ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے اور اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود رہے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ  تماشائیوں کے لیے پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلے گی جبکہ کسی بھی  ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی ۔