صدر نے جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن ایکٹ 2021 پر دستخط کر دیے

صدر نے جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن ایکٹ 2021 پر دستخط کر دیے

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں کے تحفظ اور آزادانہ صحافت کے فروغ کے حامل جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن ایکٹ 2021 پر دستخط کردیے۔

ایکٹ پر دستخط کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل، صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے 8 نومبر 2021 اور سینیٹ نے 19 نومبر 2021 کو صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ ایکٹ 2021 کی منظوری دی تھی۔ اس ایکٹ کے تحت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو حق رازداری حاصل ہو گیا ہے اور انہیں کسی بھی فرد یا ادارے کی جانب سے جبر، تشدد، خوف و ہراس، دھونس، دھمکی اور جبری گمشدگی کے خلاف تحفظ حاصل ہو گیا ہے اور انہیں خبر کا ذریعہ بتانے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔

ایکٹ کے مطابق میڈیا مالکان صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو مقرر کردہ میعارات کے تحت لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس فراہم کریں گے۔ میڈیا مالکان صحافیوں کو وقت پر تنخواہ دینے کے بھی پابند ہوں گے۔

صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ اور شکایات کی آزادانہ تفتیش اور فوری ازالے کے لیے آزاد کمیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ فواد چوہدری کے مطابق آزاد کمیشن 14 دن میں صحافیوں کی شکایات پر فیصلہ سنائے گا۔