حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے،نوازشریف

حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے،نوازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محل و قوع اسے مواقع سے بھرپور مارکیٹ بناتا ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ہالینڈ کی کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا کے سی ای او نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل و قوع اسے مواقع سے بھرپور مارکیٹ بناتا ہے، پاکستان ایشیا کے لیے تجارتی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کوریڈور بننے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان چار موسموں، زرخیز زمین اور قدرتی وسائل کے باعث خوش قسمت ملک ہے اور حکومت نے کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لیے کھاد پر سبسڈی بڑھا دی۔ہالینڈ کی کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا کے سی ای او رولف جوسٹن نے کہا کہ وسطی ایشیا ہماری کاروباری حکمت عملی میں بہت اہمیت رکھتا ہے، پاکستان ہمیں خطے میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہا ہے اور چند سال میں 10 کروڑ ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری بھی کریں گے جبکہ پاکستان میں مڈل کلاس کی آمدن میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیاری ڈیری مصنوعات کی ضرورت ہے، ہم ٹیکنالوجی اور سرمایہ لا کر پاکستان کی ضروریات پوری کریں گے اور پاکستان کو چند سال میں ڈیری مصنوعات برآمد کرنے والا ملک بنا دیں گے۔

مصنف کے بارے میں