افغانستان اور پاکستان کو مشترکہ خطرے کیخلاف لڑنے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے،خواجہ محمد آصف

افغانستان اور پاکستان کو مشترکہ خطرے کیخلاف لڑنے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے،خواجہ محمد آصف

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو اسلام آباد میں افغانستان کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور کابل میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اورجا ں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی  کی  اور  زخمیوں کی جلد صحتیابی  کی خواہش ظاہر  کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، افغانستان کے سفیر حضرت عمر زاخیل وال نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس مشترکہ خطرے کیخلاف لڑنے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا  کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزاء ہے کہ ایک اعلی سطح کے افغان وفد نے گزشتہ روز پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستانی حکام کیساتھ مفید بات چیت ہوئی۔ دونوں ملکوں نے دو طرفہ رابطوں اور باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے کی غرض سے ملکر کام پر اتفاق کیا۔

افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں ہلاکتوں پر تعزیت کیلئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا شکریہ ادا   کیا اور  دو طرفہ رابطے مستحکم  کرنے کیلئے ضرورت کے بارے میں وزیر خارجہ کیساتھ  اتفاق کیا۔

افغان سفیر نے کہا  کہ دونوں ملکوں کو  ایک دوسرے  کی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ کرنے کے باہمی عزم پر توجہ مرکوز کرنا چاہیئے۔