آرمی چیف کی اچانک قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم آمد، کھلاڑی حیران

 آرمی چیف کی اچانک قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم آمد، کھلاڑی حیران
آرمی چیف نے کھلاڑیوں سے کئی معاملات پر بات چیت کی۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ فیس بُک

کیپ ٹاؤن: چیف آف آرمی اسٹاف کی کرکٹ سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ نجی دورے پر بدھ کو کیپ ٹاؤن میں تھے اور کرکٹ کی محبت انہیں نیولینڈز کیپ ٹاؤن کھینچ لائی جہاں انہوں نے ڈریسنگ روم میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اچانک جنرل قمر جاوید باجوہ کو دیکھ کر کھلاڑیوں کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جب ٹیم منیجر طلعت علی، جنرل باجوہ سے ہر کھلاڑی کا تعارف کرا رہے تھے تو وہ اس کھلاڑی کے بارے میں پہلے ہی بہت سی معلومات رکھتے تھے۔


پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر اور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی منصور رانا سے بات چیت کے دوران جنرل قمر باجوہ نے ان کے والد اور مشہور امپائر شکور رانا مرحوم کے بارے میں بہت ساری باتیں کیں اور منصور رانا کو اس وقت حیرت ہوئی جب وہ کہہ رہے تھے کہ آپ کے چچا سلطان رانا اچھے کرکٹر اور غیر معمولی فیلڈر تھے۔

طلعت علی ملک نے کہا کہ جنرل باجوہ نے بتایا کہ وہ خود بھی اچھے کرکٹر رہے ہیں اور کرکٹ کے اب بھی شوقین ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کئی معاملات پر بات چیت کی اور کھلاڑی ان کی معلومات دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔