چین میں کرونا وائرس سے مزید45 افراد ہلاک،تعداد259 ہو گئی

چین میں کرونا وائرس سے مزید45 افراد ہلاک،تعداد259 ہو گئی

کروناوائرس سے چین میں 259 افراد ہلاک اور 11791 لوگ ہوئے ہیں جبکہ یہ وائرس21 ممالک تک پھیل چکا ہے۔

چین میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید پینتالیس افراد وائرس سے موت کا شکار ہوئے ہیں اور زیادہ تر ہلاکتیں صوبہ ہوبائے میں ہوئی ہیں، مارکیٹ میں ماسک کی قلت کے باعث چینی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ماسک بناناشروع کردیئے ہیں۔

روس، جرمنی اور تھائی لینڈ میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ اورسپین سمیت دنیا کے اکیس ممالک وائرس سے متاثر ہیں۔اٹلی نے کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد چین سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سنگاپور نے حال ہی میں چودہ دن چین رہنے والوں پر ملک میں داخل ہونے سے منع کر دیا ہے۔ اطالوی بندر گاہ پر 6ہزار مسافروں سے بھرے کروز شپ کو روک لیا گیا ہے۔

امریکہ نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو چین کا رخ کرنے سے روک دیا، تین امریکی ایئرلائنزنے بھی چین کےلئے پروازیں معطل کر دی ہیں۔ چین سے نکالے گئے 195 افراد کو دیگر شہریوں سے الگ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

برطانیہ نے اپنے ایک سو دس شہریوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے ووہان سے نکال کر انگلینڈ کے ایرو پارک ہسپتال میں داخل کر دیا ہے۔ پاکستان، فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں۔چین کے کم سے کم دس صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے کم سے کم دس فروری تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا عندیہ دیا ہے۔