شوہر کا قتل کرنے والی بیوی بھی پنشن کی حقدار قرار، عدالت کا انوکھا فیصلہ

The wife who killed her husband is also entitled to pension, a unique decision of the court
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارتی ریاست پنجاب کی عدالت عالیہ نے ایک دلچسپ فیصلہ سناتے ہوئے اپنے شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کو پنشن کا حق دار قرار دیدیا ہے۔ یہ فیصلہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے کیس میں سنایا گیا ہے جس پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کا مقدمہ ہے، حکام نے اس کی پنشن روک دی تھی۔

ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ ایسی خاتون بھی پنشن کی حق دار ہے جس نے اپنے شوہر کا قتل بھی کر دیا ہو۔ انڈین میڈیا کے مطابق جس خاتون کے حق میں فیصلہ صادر کیا گیا ہے اس کا نام بلجیت کور ہے۔ عدالت عالیہ نے اپنے دلچسپ فیصلے میں لکھا ہے کہ 'ایسی مرغی جو سونے کے اںڈے دیتی ہو، اسے ذبح نہیں کیا جاتا'.۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کوئی بھی ہو حق داروں کو پنشن دینے سے نہیں روکا جا سکتا۔ حتیٰ کے بیوی اپنے شوہر کے قتل کی بھی مرتکب ہو جائے۔ پنشن دراصل مالی امداد ہے جو سرکاری ملازم کی موت کے بعد اس کے خاندان کو دی جاتی ہے۔ اگر بلجیت کور قصوروار بھی قرار پائے تو اسے پنشن سے محروم نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ بلجیت کور نامی خاتون نے انڈین پنجاب کی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ میرے شوہر کا نام ترسیم سنگھ تھا جس کی 2008ء میں ہلاکت ہوئی، تاہم 2009ء میں اس کے قتل کے الزام میں مجھے گرفتار کرکے مقدمہ چلایا گیا اور 2011ء میں جرم کا مرتکب قرار دیدیا گیا۔

خاتون نے اپنی درخواست میں کہا کہ کیس چلنے تک تو مجھے سرکار کی جانب سے پنشن ملتی رہی لیکن جیسے ہی مجھے قصوروار قرار دیا گیا میری پنشن روک دی گئی۔ اپنے شوہر کی پنشن کا میرا حق ہے، اس لئے حکومت کو مجھے پنشن دینے کا پابند کیا جائے۔