پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، چین سے ویکسین لانے والا طیارہ وطن واپس پہنچ گیا

Good news for Pakistanis, the plane carrying the vaccine from China reached Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ دیرینہ دوست ملک کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان کو تحفے میں دی گئی دواؤں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ عالمی وبا کی ویکسین کیلئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ بیجنگ گیا تھا۔

چین کی جانب سے پاکستان کو وبائی مرض کے تدارک کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی 5 لاکھ خوراکیں مہیا کی گئی ہیں۔ اس کیلئے پاکستان نے خصوصی طیارہ چین بھیجا تھا جہاں گزشتہ رات لوڈنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسے واپس روانہ کیا گیا۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے پاکستانیوں کو اس خوشخبری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ ہمیں سینوفرم ویکسین کا پہلا بیچ ملا ہے۔ اس کے لئے انتھک محنت کرنے والے ہر شخص کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کا مقابلہ کرنے میں نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی سینٹر (این سی او سی) اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا۔ میں اپنے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ان کی کاوشوں کے لئے سلام پیش کرتا ہوں۔ ویکسین سب سے پہلے انہیں لگے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے پاکستان کو عالمی وبا کے سدباب کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی کو قابل فخر قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ چین اس بات پر فخر کرتا ہے کہ اس کی جانب سے اپنے دیرینہ دوست پاکستان کو سب سے پہلے دوائیں فراہم کی گئیں۔