فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق رہائی سے قبل اڈیالہ جیل میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا گیا اور جیل ہسپتال کے عملے نے فواد چوہدری کو صحت مند قرار دیا جبکہ فواد چوہدری نے رہائی کے وقت اپنا سامان اور کپڑے غریب قیدیوں کو دینے کی درخواست کی۔
فواد چوہدری کے اہل خانہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے استقبال کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی جنہوں نے پارٹی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ 
واضح رہے کہ آج اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ 
ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

مصنف کے بارے میں