سعودی عرب میں کوئی پلان زیر بحث نہیں آیا، رانا ثناء اللہ

سعودی عرب میں کوئی پلان زیر بحث نہیں آیا، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: سابق وزیراعظم کی نااہلی پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ 'نواز شریف کو نااہل کرنے اور کرانے والے شرمندہ ہوں گے۔ جس کو نااہل کرنے کی کوشش کی گئی اس کو پوری دنیا اہل سمجھ رہی ہے۔ عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے چیئرمین پر طنز کے نشتر برساتے ہوئے رانا ثناء نے کہا شیخ رشید اور عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کوئی بعید نہیں کہ یہ لوگ یا تو سسٹم پر حملہ کر دیں گے یا پھر خودکشی کر لیں گے۔

رانا ثناء کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کی گفتگو شیخ رشید نے آج سپریم کورٹ کے باہر کی وہ بہت افسوسناک بلکہ سسٹم اور اداروں کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ شیخ رشید کے سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کوئی دھرنا پلان زیر بحث نہیں آیا۔ میاں صاحبان مسلم امہ کو درپیش چیلنجز میں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی عرب میں ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ اس وقت کہا جا رہا تھا کہ (ماڈل ٹاؤن سانحے سے متعلق) باقر نجفی رپورٹ میں بڑے راز ہیں اب رپورٹ سامنے آ گئی اور اگر اس میں کوئی ایسی بات ہے کہ میں نے فائرنگ کا حکم دیا تو اس کو سامنے لائیں۔ یہ لوگ 15 دن سے اس رپورٹ کو وینٹی لیٹر پر لگا کر شور مچا رہے ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ قیمتیں اس مرتبہ بڑھی ہیں تو اگلی بار کم ہو جائیں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں