کابل:افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن اور امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 16جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ پاکستانی سمیت 2عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیاگیا،افغان بارڈر پولیس نے مشرقی صوبہ کنڑ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6پاکستانی طالبان ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 11جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پاکستانی عسکریت پسند سمیت 2شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ آپریشن شنوار،دیہہ بالا،آچن،کھوگیانی اور سرخ روڈ اضلاع میں کیا گیا ۔آپریشن کے دوران کچھ ہتھیار،دھماکہ خیز مواد اور ایک موٹر سائیکل تباہ کردی گئی ۔ادھر ملک کے مشرقی علاقے میں تعینات سینئرپولیس کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی صوبہ کنڑ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6پاکستانی طالبان ہلاک ہوگئے ۔
عسکریت پسندو ں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سیکورٹی فورسز کے بیس کے قریب بارودی سرنگ نصب کررہے تھے ۔مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 5جنگجو مارے گئے ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ ہفتہ کو ضلع آچن میں کیاگیا۔امریکی بغیر پائلٹ طیارے نے مامند کے علاقے میں داعش کے عسکریت پسندوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔