ٹرمپ کے بیان کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب

ٹرمپ کے بیان کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ۔


ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوگا جس میں امریکی صدر کے نئے بیان سمیت جنوبی ایشیا پالیسی کے امور بھی زیرغور آئیں گے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سلامتی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر غور ہوگا۔

خیال رہے کہ آج ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد دیکر بے وقوفی کی۔انہوں نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔پاکستان نے ہمارے حکمرانوں کو بے وقوف سمجھا، جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں ڈھونڈتے رہے پاکستان نے انہیں محفوظ پناہ گاہیں دیں اور ہماری بہت کم معاونت کی، لیکن اب مزید نہیں۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان پر متعدد بار دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا جا چکا ہے جس کے جواب میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح پیغام دیا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر گرانے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔