اپوزیشن چاہے تو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوسکتی ہے، احسن اقبال

اپوزیشن چاہے تو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوسکتی ہے، احسن اقبال
کیپشن: جب وزیر داخلہ تھا تو کسی کیس کو تیز اور روکنے کے احکامات نہیں دیئے، احسن اقبال۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہے تو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہو سکتی ہے۔ 10 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس متوقع ہے جس میں اپوزیشن جماعتیں مل کر فیصلہ کریں گی۔

ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کہا تھا کہ اگر سنجیدہ ہیں تو سینیٹ میں جمہوری طریقے سے انتخاب کا راستہ یقینی بنائیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب وزیر داخلہ تھا تو کسی کیس کو تیز اور روکنے کے احکامات نہیں دیئے۔

گزشتہ روز بھی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا عندیہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی میڈیا سے گفتگو میں کہہ چکے ہیں کہ سابق صدر زرداری اجازت دیں تو ایک ہفتے میں پی ٹی آئی حکومت گرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس سندھ میں 99 سیٹیں اور تحریک انصاف کو ہماری حکومت گرانے کے لیے 49 ممبران کی ضرورت ہو گی لیکن وفاق میں صرف 6 سیٹوں کی بات ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو جائے گی۔