طالبات پر کسی بھی شکل کا حجاب نہیں لگایا گیا، سعودی وزارت تعلیم

طالبات پر کسی بھی شکل کا حجاب نہیں لگایا گیا، سعودی وزارت تعلیم
کیپشن: تصویر بشکریہ فیس بک

ریاض: سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ طالبات کو کسی خاص قسم کا حجاب پہننے کا پابند نہیں بنایاگیا۔ طالبات پروقار لباس استعمال کرنے کی پہلے بھی پابند تھیں اور آج بھی ہیں۔

سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ھیا العواد نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وزار ت تعلیم نے طالبات پر مخصوص شکل کا حجاب پہننے کی پابندی لگائی ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ حجاب کی مناسب شکل کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔

اس کے انتخاب کا اختیار طالبات کے والدین اور سرپرستوںکے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایام میں حجاب کی بابت دو نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کے اجراءکے بعد لباس اور حجاب کی بابت وزارت کی جتنی بھی ہدایات تھیں وہ سب کی سب منسوخ ہوگئی ہیں۔

نئی ہدایات میں کسی بھی طالبہ پر کسی بھی شکل کا حجاب مقرر نہیں۔ سرپرست حضرات ہی اپنی بیٹیوں کے لئے مناسب حجاب کا انتظام خود کریں گے۔