پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا:نریندر مودی

پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا:نریندر مودی
کیپشن: image by facebook

ممبئی :بھارت کے  وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ایک لڑائی سے پاکستان سدھر جائے گا یہ سوچنا بہت بڑی غلطی ہوگی، پاکستان کو سدھارنے میں ابھی اور وقت لگے گا۔

دہلی میں بی بی سی  کو انٹرویو کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ سرجیکل سٹرائکس کا فیصلہ ایک ’بڑا خطرہ‘ تھا لیکن وہ سیاسی خطرے کی فکر نہیں کرتے، انھیں صرف ان جوانوں کی جان کی فکر تھی جو اس آپریشن میں حصہ لے رہے تھے ، میں نے بالکل واضح ہدایت دی تھی کہ کامیابی ہو یا ناکامی، کمانڈوز کو سورج نکلنے سے پہلے واپس آجانا چاہیے۔

نریندر مودی نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے تو انکار کرنا ضروری تھا لیکن ملک میں بھی کچھ لوگ وہی بات کر رہے تھے جو پاکستان کہہ رہا تھا اور یہ بات بہت افسوس ناک تھی ،میں نے پوری رات آپریشن کو مانیٹر کیا اور جب تک کمانڈو واپس نہیں آئے، میں فکرمند رہا۔

انھوں  نے کہا کہ کمانڈوز کی حفاظت کے پیش نظر سرحد پار کارروائی کی تاریخ دو مرتبہ بدلی گئی تھی اور انھیں سرجیکل سٹرائکس سے پہلے خصوصی تربیت فراہم کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ انڈیا نے ستمبر 2016 میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی سرزمین میں داخل ہو کر وہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے پہلے شدت پسندوں نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں اُڑی کے فوجی کیمپ پر حملہ کیا تھا اور حکومت کے مطابق یہ کارروائی اس حملے کےجواب میں کی گئی تھی۔