وفاق نے کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے، اسد عمر

وفاق نے کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے، اسد عمر
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی:اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے بڑے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے، کے فور پراجیکٹ کو فعال کرنا ترجیح ہے، پیپلز پارٹی مشکلات میں گھری ہوئی ہے، پی پی سیاسی طور پر ہاتھ پاؤں ضرور مارے گی، جمہوری نظام میں سیاست ہر پارٹی کا حق ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، وفاقی وزیر اسد عمر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کی عوام کے اندر جڑیں کمزور ہوچکی ہیں، وسیم اختر کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے، میئر کراچی نے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، میئر کراچی با اختیار ہوتے تو زیادہ تیزی سے کام کرسکتے تھے، وزیراعظم بار بار کہتے ہیں کراچی کیلئے کچھ کرنا ہے، سندھ کا لوکل گورنمنٹ سسٹم آئین کے خلاف ہے، مقامی حکومت کا نظام غیر فعال ہے، باوجود اس کے ہم کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، چند ہفتے پہلے اجلاس میں بڑے فیصلے کرلیے گئے تھے، ایس آئی ڈی سی ایل منصوبوں کی تکمیل کیلئے تیزی سے کام کر رہا ہے، کراچی کے بہت سے منصوبے مکمل ہونے والے ہیں، گرین لائن منصوبوں میں تیزی لائی جائے گی، وفاق نے کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کے فور منصوبے پر مشکلات پیدا ہوئی تھیں، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، حکومت کے وسائل محدود ہیں لیکن کام کرنا ہے، کے فور منصوبہ، سندھ حکومت کی تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے، کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے، پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے کے فور اہم منصوبہ ہے۔