مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے ہماری خارجہ پالیسی مسلسل ناکامیوں کی شکار ہے،سکندرشیرپائو

مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے ہماری خارجہ پالیسی مسلسل ناکامیوں کی شکار ہے،سکندرشیرپائو

پشاور: خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ساڑھ چار سال بعد خارجہ پالیسی پر بریفنگ لینے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقل وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے ہماری خارجہ پالیسی مسلسل ناکامیوں کی شکار ہے جس کی وجہ سے ہم لاتعداد مسائل سے دوچار ہونے کے ساتھ ساتھ ہمسایوں سمیت دوسرے بیرون ممالک کے ساتھ غیر تسلی بخش تعلقات رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں وفاقی حکومت کو پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کی مشاورت سے خارجہ پالیسی ترتیب دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کی تحت ہماری قومی تشخص غیر جانبدار حیثیت اور ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات قائم ہو سکیں ۔انہو ں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری خارجہ پالیسی زمینی حقائق کی منافی اور قومی مفادات سے دور رہی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی ، کمزورمعاشی صورت حال اور ہمسایو ںکے ساتھ کمزور تعلقات جیسے مسائل کا ہمیں سامنا ہے اور جس کی ہم نے بڑی قیمت بھی ادا کر دی ہے اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ خارجہ پالیسی کو قومی امنگوں کے مطابق بناکر ملک اور بین الاقوامی سطح پر مثبت تبدیلی لائی جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ںنے وطن کور شیرپائو ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی کے 21-بٹ گرام سے پارٹی کے دیرینہ کارکن عاصم خان سریخ کی سربراہی میں درجنوں افراد نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں میجر ریٹائر ڈ عمران خان ، قیصر خان ، شاہ فیصل ، عامر اﷲ ، نصیب اﷲ ، شیر رحمان ، ایو ب خان ، کمال شاہ ، آذر خان خڑکے اور سریر خان بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمرزئی ، قومی وطن پارٹی کے بلدیاتی نمائندے اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کی بدولت عالمی طاقتیں ہماری خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں اور ہماری سرزمین کو فسادات کا میدا ن بنا دیا ہے جس کے خلاف بعض سیاسی رہنمائوں نے بھی کردار ادا کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا ہے تاہم قومی وطن پارٹی پختونوں کی ترقی اور حقوق کے لئے جدوجدکے ساتھ ساتھ عالمی سازشوں سے نجات کے لئے بھی کوششیں کر رہی ہیں ۔

مصنف کے بارے میں