ہرارے : سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74رنز سے شکست دیدی ہے۔پاکستان نے میزبان ٹیم کو 183رنز کے ہدف دیا جس زمبابوین ٹیم 108 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہرارے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے 183رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کیلئے چبھابھا اور مائر نے اننگز کا آغاز کیا تو محمدنواز نے چبھابھا کو بغیر کوئی رن سکور کیے پوویلین بھیج دیا ، کپتان ہیملٹن مسا کاڈزا بھی 7رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے،سولو من مائر اور موساکاڈزا کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 35رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد مائر27رنز بنا کر نواز کا دوسرا شکا ر بنے،پیٹر مور 2رنز بنا کر شاداب کی دوسری وکٹ بنے جس کے بعد حسن علی نے ایلٹن چگمبھرا کو 14رنز پر بولڈ کیا ،موساکاڈزا 43رنز بنا کر عثمان شنواری کا پہلا شکار بنے جنہوں نے ایک رن بنانے والے چشورو کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ کروایا۔

ریان برل محمد حفیظ کا پہلا شکا ر بنے جنہوں نے موزاربانی کو بولڈ کرکے زمبابوین اننگز کا اختتام کیا اور پوری مہمان ٹیم 108رنز پر پوویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کیلئے حسن علی ، عثمان شنواری ، محمدحفیظ اور نواز نے 2،2جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

اوپننگ بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 13 رنز کی شراکت قائم کی تھی کہ محمد حفیظ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نئے آنےوالے بلے باز طلعت حسین بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 10 رنز بنا کر چیبھایا کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر چلتے بنے۔کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے تیسری وکٹ پر 34 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی سکور 78 تک پہنچا تھا کہ کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 16 رنز بنا کر کیچ آو ٹ ہوگئے۔

شعیب ملک اور فخر زمان نے بھی سکور تیزی سے آگے بڑ ھایا اور اس دوران فخر زمان نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی ، فخر زمان 61رنز بنا کر بولڈ ہوئے ، شعیب ملک اور آصف علی نے 32گیندوں پر 62رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی ، آصف علی 41اور شعیب ملک 37رنزکے ساتھ ناٹ آو¿ ٹ رہے ، زمبابوے کیلئے چیشورو نے 2اور موزاربانی اور چبھابھا نے ایک ، ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی رینکنگ کی سب سے بہترین ٹیم ہے جبکہ زمبابوے عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہے۔ سیریز میں شامل تیسری ٹیم آسٹریلیا بھی تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔سہ فریقی سیریز میں تینوں ٹیمیں چار چار میچز کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 8 جولائی کو کھیلا جائےگا۔