بنوں کے فرعون سے مقابلے کیلئے یہاں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان

بنوں کے فرعون سے مقابلے کیلئے یہاں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان
کیپشن: فوٹو: فائل

بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بنوں کے فرعون اکرم خان درانی کا مقابلہ کرنے کے لیے یہاں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ 2013 سے پہلے ان کی کیا حیثیت تھی لیکن آج کروڑ پتی بن گئے ہیں۔


جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب اکرم خان درانی آپ کے پاس آئے تو ان سے پوچھنا کہ آپ حکومت میں تھے تو قرضہ 14 ہزار ارب روپے سے 27 ہزار ارب روپے ہو گیا تو کدھر گیا یہ قرض اور قوم کیسے اتارے گی اس قرضے کو۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کو مولانا کہنا مولانا کی توہین سمجھتا ہوں کیونکہ ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والا مولانا نہیں ہو سکتا۔فضل الرحمان ایک مقناطیس ہے جدھر طاقت ہوتی ہے وہاں جا کر جڑ جاتے ہیں اور کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ضرور بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اور درانی کے حالات بہتر ہوتے گئے لیکن بنوں کے لوگوں کے حالات ٹھیک نہیں ہوئے۔عمران خان نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ سب سے پہلے سرکاری اسکولوں کا نظام ٹھیک ہو تاکہ ایک غریب کا بچہ بھی بڑھ کر آگے آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام ایسا ہو کہ جو محنت کرے وہ اوپر آئے لیکن اس ملک میں اکرم درانی جیسہ قبضہ گروپ لوگوں کو آگے نہیں آنے دیتا۔

خیال رہے کہ عمران خان بنوں سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے انتخاب لڑ رہے ہیں جہاں ان کا مقابلہ ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی سے ہو گا۔