اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 3.96 روپے فی کلو گرام کا اضافہ

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 3.96 روپے فی کلو گرام کا اضافہ

اسلام آباد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مہنگی ہونے کے بعد ایل پی جی بم بھی عوام پر گرا دیا گیا۔ تیل اور گیس کی ترسیل کے ذمہ دار ادارے اوگرا نے جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 3.96 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کردیا۔ جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں3.96 روپے فی کلوگرام اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔


اوگرا کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 46.76 روپے فی سلنڈراضافہ کردیا گیا ہے۔ اس طرح جولائی کیلئے 11.8 کلوگرام گھریلوسلنڈرکی نئی قیمت1345.07روپے مقررکردی گئی ہے۔ جون کیلئے 11.8کلوگرام گھریلوسلنڈرکی قیمت1298.31 روپے تھی۔

خیال رہے کہ 26 جون کو وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا تھا۔ اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

گزشتہ ماہ یکم جون سے پیٹرول کی نئی قیمت76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کردی گئی تھی۔بعد ازاں اوگرا کی جانب سے ذمہ دار کمپنیوں کو نوٹسز اور جرمانے کیے گئے مگر پٹرول بحران کم نہیں ہوا تھا۔اوگرا کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔