بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر خارجہ

بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ بلوچستان میں مسلسل مداخلت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں امن کی کوششوں کو بھی متاثر کر رہا ہے جبکہ ہم امریکی نمائندہ خصوصی کو بھی بھارت سے متعلق آگاہ کر چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج پرحملے میں دہشت گرد لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے تاہم پاکستانی جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کرا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پرعالمی توجہ بڑھنے پر بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا تھا۔گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید ہونے والوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گرد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی ہماری ایجنسیز نے چار تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنادیے تھے۔ ان سب کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی۔