پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ
کیپشن: معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو سال میں دو مرتبہ فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ترجمان کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان میں قید 324 بھارتی قیدیوں کی فہرست فراہم کی گئی جن میں 270 ماہی گیر اور 54 عام شہری شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بھارت نے بھی 362 پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی ہے جن میں 265 عام شہری اور 97 ماہی گیر شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت سے قید کی مدت پوری کرنے والے پاکستانیوں کو رہا کرنے کا کہتے رہے ہیں اور بھارت میں 15عام شہری اور47 ماہی گیرپاکستانی اپنی قید کی مدت پوری کرچکےہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارت سے77 سویلین اور113 ماہی گیرپاکستانیوں کے لیےقونصلر رسائی مانگی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو سال میں دو مرتبہ فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے جب کہ یہ تبادلہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو کیا جانا ضروری ہے۔