حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو کا الزام

حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو کا الزام
کیپشن: پی ٹی آئی حکومت معاملات ٹھیک کرنے کے بجائے مزید بگاڑ رہی ہے، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ان کے والد آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے۔بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مناظرے کا چینلج دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ہر بحران کو تباہی میں بدل دیا۔ مافیاز تحریک انصاف کے فرنٹ مین ہیں۔ پٹرول بم گرا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا جبکہ کورونا سے نمٹنے کے لیے پہلے دن سے ہی کچھ نہیں کیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اسمبلی میں ہمارے سامنے بھی اظہار خیال کر سکتے تھے لیکن ان میں ہمارے سامنے تقریر کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ ان میں ہمت ہے تو سامنے آئیں اور مقابلہ کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معاملات ٹھیک کرنے کے بجائے مزید بگاڑ رہی ہے۔ غریب کا نام لے کر امیروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ مافیاز پی ٹی آئی حکومت کے فرنٹ مین ہیں۔ پٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت تاریخی چیلجنز کا سامنا ہے۔ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملک میں کورونا سے شرح اموات کم نہیں ہو رہی، یہ سفید جھوٹ ہے۔ جبکہ بروقت ایکشن لیا جاتا تو ٹڈی دل پر شروعات میں قابو پایا جا سکتا تھا۔

انہوں نے سٹاک ایکسچینج حملے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں نے بروقت ایکشن لے کر کئی جانیں بچائیں۔ سندھ حکومت نے شہدا کیلئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔