بلاول بھٹو زرداری کی پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تنقید

بلاول بھٹو زرداری کی پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تنقید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام دشمن بجٹ کا پہلا نتیجہ قوم کو موصول ہو گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زردری نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے نے سلیکٹڈ وزیراعظم کے عزائم بے نقاب کر دئیے ہیں جبکہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے بجلی، گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی، وزیراعظم عمران خان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی آڑ میں عوام پر وار کر رہے ہیں۔ 
بلاول بھٹو زرداری نے معیشت کی ترقی کے حکومتی دعوؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک معاشی ترقی کررہا ہے تو پھر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور کورونا وائرس کے باعث بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اب پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مزید مہنگائی ہو گی۔ 
واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے آئندہ 15دن کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول 2 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 1 روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔