حکومت انتخابی اصلاحات چاہتی ہے تو الیکشن کمیشن میں آ کر بیٹھے: رانا ثناءاللہ

حکومت انتخابی اصلاحات چاہتی ہے تو الیکشن کمیشن میں آ کر بیٹھے: رانا ثناءاللہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات چاہتی ہے تو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں آ کر بیٹھے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ہم براہ راست حکومت سے بات کرنے کو تیار نہیں کیونکہ ہمیں ان پر اعتبار نہیں ہے۔اسی پروگرام میں شریک وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ 49 میں سے 40 انتخابی اصلاحات وہی ہیں جن پر گزشتہ اسمبلی میں اتفاق ہوچکا تھا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو حکومت پر اعتماد نہیں تو میڈیا کے سامنے مذاکرات کر لے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ 1970ءکے بعد سارے انتخابات متنازعہ ہوئے، ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن پر بھی تنازع ہوا، اصلاحات نہیں کریں گے تو ہر الیکشن میں ایسا ہوگا۔