انڈیا: اہلیہ سے ناراض شخص نے آئس کریم میں چوہے مار دوا ملا کر بچوں کو دیدی  

India: A man angry with his wife mixed rat poison in ice cream and gave it to children
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت میں انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک باپ نے گھریلو جھگڑے پر اپنے بچوں کو آئس کریم میں زہر ملا کر دیدیا، زہریلی آئس کریم کھانے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، دیگر دو بچوں کو بروقت ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق اپنے سگے باپ کے ظلم کا شکار بچوں کے نام 5 سالہ عالیشان، 7 سالہ علینہ اور دو سالہ ارمان بتائے جا رہے ہیں، ان میں عالیشان زہر کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گیا جبکہ علینہ اور ارمان ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بچوں کی والدہ نازیہ کی شکایت پر انڈین پولیس نے اس کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بچوں کے والد محمد علی نوشاد انصاری کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 اور 307 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

واقعہ کے بعد ملزم والد فرار ہے۔ اطلاع کے مطابق 25 جون کو پولیس کو فون آیا کہ تین بچوں نے زہر کھا لیا ہے، جب پولیس نے اہلخانہ سے پوچھا تو گھر کے افراد نے بتایا کہ ان بچوں نے غلطی سے کھایا، مگر جب 29 تاریخ کو ایک بچے کی موت ہو گئی تو پولیس کو ہسپتال سے فون آیا اور اس بارے میں معلومات فراہم کی گئی، جس کے بعد بچوں کی والدہ نے پولیس کو سارا معاملہ بتایا۔