کینیڈا میں اسلام مخالف واقعات پر احتجاجی ریلی کی قیادت شہر کے میئر خود کریں گے

کینیڈا میں اسلام مخالف واقعات پر احتجاجی ریلی کی قیادت شہر کے میئر خود کریں گے
سورس: file photo

ساسکاٹون : کینیڈا میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز واقعات میں اضافے پر شہر کے میئر سامنے آگئے ۔مسلمانوں کے خلاف واقعات پر کل احتجاجی ریلی کی قیادت خود کریں گے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں بے گناہ مسلمانوں پر پے در پے ہونے والے حملوں اور اسلامو فوبیا کیخلاف ساسکاٹون میں کل ایک احتجاجی ریلی  نکالی جائے گی۔ جس کی قیادت شہر کے میئر خود کریں گے۔

اس حوالے سے کینیڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اسلامو فوبیا کے واقعات میں 9فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب مسلمان کمیونٹی میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستانی نژاد محمد کاشف کینیڈا کے شہرساسکاٹون میں حملے کانشانہ بنے، محمد کاشف کو 2سفید فام نسل پرستوں نے چاقو مار کر زخمی کیا، اور ان کی داڑھی مونڈھ دی۔

میڈیا کے مطابق سینٹ البرٹ میں نامعلوم افراد کی جانب سے دو مسلمان خواتین کو راہ چلتے دھکے دے کر ان کے سروں سے حجاب کھینچا گیا، اچانک حملے کے باعث وہ خواتین زمین پر گر پڑیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو ایک دہشت گرد نے مسلمان ہونے کی پاداش میں جان بوجھ کر ٹرک تلے روند کرشہید کردیا تھا۔