پاکستان ریلوے نے دو ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کردیں

پاکستان ریلوے نے دو ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کردیں
سورس: file photo

کراچی:مالی خسارے سے بچنے کے لئےپاکستان ریلوے نے سرسید اور مہران ایکسپریس نجی شعبے کے حوالے کردیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے خسارے کو کم کرنے کے لئے سرسید اور مہران ایکسپریس کو نجی شعبے کے حوالے کردیا  ہے، سرسید ایکسپریس نو اور مہران ایکسپریس پانچ جولائی سے نجی شعبےکی انتظامیہ چلایا کرے گی ۔

رپورٹ کے مطابق نجی انتظامیہ نے بکنگ کا آغاز کرتےہی دونوں مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں پچاس فیصد اضافہ کردیا ہے۔

پاکستان ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی انتظامیہ صرف ٹکٹ فروخت کرنے اور دوران سفر اسے چیک کرے گی، انجن،ڈرائیور،گارڈ اور ٹرین کی دیکھ بھال کی ذمےداری پاکستان ریلوے پرہی ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اس سلسلے کی کڑی ہے، جس میں پاکستان ریلوے نے پندرہ ریل گاڑیوں کو نجی شعبہ میں دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس بابت باقاعدہ پیش کشیں بھی طلب کی گئی تھیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق نجی شعبے میں دینے کیلئے مختص کی جانے والی ریل گاڑیوں میں جناح ایکسپریس، ، چمن پسنجر، بولان میل، ، کوہاٹ پسنجر، خوشحال خان خٹک ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، بدر ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس، اٹک پسنجر، جنڈ پسنجر، موہنجو داڑو ایکسپریس بھی شامل ہیں۔