ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 10 رنز سے شکست دیدی

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 10 رنز سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

انٹیگا: ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستانی خواتین کو پہلے ٹی 20 میچ میں 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انٹیگا میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہیلے میتھیوز 32 اور دیندرا ڈوٹن 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سٹیفنی ٹیلر 11، کائیشونا نائٹ 23، شیدین نیشن 14، کائیسیا نائٹ 15 اور شنیلی ہینری 4 رنز بنا سکیں۔ 
میچ میں پاکستانی باؤلر ندا ڈار نے سٹیفنی ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور فاطمہ ثناءنے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈائنا بیگ اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 126 رنز ہی بنا سکی۔ عائشہ نسیم نے سب سے زیادہ 45 رنز بنائے اور فاطمہ ثنا 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جویریہ رؤف 5، جویریہ خان 7، منیبہ علی 9، ندا ڈار 9، عالیہ ریاض 8 اور ارم جاوید 11 رنز بنا سکیں۔ 
ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے شمیلیا کونیل سب سے کامیاب باؤلر رہیں جنہوں نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عالیہ الائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیلی میتھیوز ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔