این سی او سی کی اجازت کے باوجود پنجاب میں سینما ہاؤسز کھل نہ سکے

این سی او سی کی اجازت کے باوجود پنجاب میں سینما ہاؤسز کھل نہ سکے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے اجازت ملنے کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں سینما ہاؤسز کھل نہیں سکے اور اس حوالے سے حکومتی شرائط پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث طویل بندش کے بعد این سی اوسی نے سنیماگھروں کو یکم جولائی سے کھولنے کی اجازت دی ہے تاہم لاہور سمیت پنجاب بھرمیں سینما گھر کھل نہیں سکے۔ چیئرمین سینما اونرز ایسوسی ایشن زریر لاشاری کا کہنا ہے کہ این سی اوسی نے سینماء ہاؤسز کھولنے کے حوالے سے جو شرائط رکھی ہیں، ان پرحکومت سے بات چیت چل رہی ہے۔ 
چیئرمین سینما اونرز ایسوسی ایشن زریر لاشاری نے کہا کہ عید الاضحی قریب ہے مگر نقصان کے ڈر سے کوئی پروڈیوسر ابھی فلم لگانے کو تیار نہیں، دوسری جانب حکومت نے بھی یہ کڑی شرط عائد کر دی ہے کہ صرف وہ افراد ہی سینما گھروں میں داخل ہوسکیں گے جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے۔ 
زریرلاشاری نے اس معاملے پرکہاکہ ان کی حکومت سے بات چل رہی ہے اور اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم پنجاب میں سنیماگھر کھولنے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ9جولائی تک کریں گے۔