ٹھنڈے کینیڈا میں گرمی نے تباہی مچادی ، 500 افراد ہلاک 

ٹھنڈے کینیڈا میں گرمی نے تباہی مچادی ، 500 افراد ہلاک 
سورس: فائل فوٹو

ٹورنٹو : کینیڈا میں گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔ گرمی کی لہر کے دوران سینکڑوں اموات  ہوئی ہیں۔  کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گذشتہ 5 روز کے دوران 500  افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کی چیف کورونر لیزا لاپونٹے کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر وہ تھے جو ایسے گھروں میں اکیلے رہتے تھے جو ہوا دار نہیں تھے۔

صوبے برٹش کولمبیا کے قصبے لٹن کو جنگل میں آگ لگنے کے بعد خالی کروا لیا گیا تھا۔ وینکور سے 155 میل شمال میں واقعے ایک چھوٹے سے قصبے لٹن میں منگل کے روز 49 اعشاریہ چھ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

میئر جان پولڈرمین نے سی بی سی نیوز کو بتایا کہ تمام قصبے میں آگ لگی ہوئی تھی پہلی چنگاری سے لے کر ہر طرف آگ پھیلنے تک میں صرف 15 منٹ لگے تھے۔'

شمال مغربی امریکہ اور کینیڈا میں گرمی کی لہر کی وجہ آرکٹک خطے کی ہائی پریشر گرم ہوائیں ہیں۔ ساحلی علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے لیکن میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔

کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا ہے اور اب ہیٹ ویو کا یہ نظام مشرق کی جانب کینیڈا کے البرٹا اور سسکاچوان صوبے اور مانبٹوٹا کے علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان درجنوں افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا جو ملک میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ انھوں نے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی یہ لہر ہمارے لیے یاد دہانی ہے کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔