شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت اہم شخصیات کے مقدمات دوسری عدالت منتقل

شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت اہم شخصیات کے مقدمات دوسری عدالت منتقل

لاہور: احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر اہم شخصیات کے مقدمات دوسری عدالت میں منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق فاضل جج نسیم احمد ورک کی عدالت سے منی لانڈرنگ اور خواجہ برادران کے مقدمات کو ٹرانسفر کیا گیا اور اب ان مقدمات کی سماعت احتساب عدالت کے جج قمر زمان کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں مزید دو نئے ججز تعینات ہونے کی بنیاد پر ان مقدمات کو ٹرانسفر کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت مجموعی طور پر 7 احتساب عدالتیں مقدمات کی سماعت کررہی ہیں جبکہ اس سے قبل پانچ ججز مقدمات سن رہے تھے۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نے ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست جمع کراتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اسلام آباد جبکہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی اجلاس میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 26 جولائی تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان کو طلب کر لیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں