حوثیوں نے امدادی سامان کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،یمن

حوثیوں نے امدادی سامان کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،یمن

صنعاء:یمن کے وزیر برائے لوکل گورنمٹ اور سپریم ریلیف کمیٹی کے چیئرمین عبدالرقیب فتح نے ایران نواز حوثی باغیوں پرایک بار پھر جنگ زدہ شہریوں کے لیے آنے والی امداد کی لوٹ مار کا الزم عاید کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہ حوثی باغی دھوکہ دہی کے ذریعے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کے ذریعے یمنی قوم کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان کو لوٹتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی مجرمانہ لوٹ مار کے نتیجے میں جنگ سے متاثرہ یمنی عوام امداد سے محروم رہے جس کے باعث ملک میں بڑے پیمانے پر انسانی بحران نے جنم لیا۔خیال رہے کہ یمن کے سرکاری اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے امدادی سامان پرشب خون مارنے سے 70 لاکھ کے قریب شہری فاقہ کشی کا شکار ہوئے ہیں۔
امدادی سامان کی لوٹ مار کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔سب سے زیادہ امدادی سامان کی لوٹ مار الحدیدہ بندرگاہ سے یمن میں داخل ہونے والے امدادی سامان کے ٹرکوں سے کی گئی۔یمنی وزیر کے مطابق باغی عناصر بیرون ملک سے پہنچنے والی امداد کو فراڈ اور دھوکہ سے اپنے زیرکنٹرول علاقوں میں لے جاتے جس کے نتیجے میں مستحقین تک امداد نہیں پہنچ پاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ باغیوں کی جانب سے عالمی امدادی اداروں کو بلیک میل کرنے کے لیے مستحقین کی جعلی فہرستیں پیش کی جاتیں۔ یہ فہرستیں حوثیوں کے حامی قبائلی سرداروں کی مدد سے امدادی تنظیموں تک پہنچائی جاتیں جس کے نتیجے میں امدادی سامان کی بھاری مقدار حوثیوں کو ملتی رہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں