تاحیات نااہلی ختم ہونے پر عثمان ڈار کی خواجہ آصف کو مبارکباد

تاحیات نااہلی ختم ہونے پر عثمان ڈار کی خواجہ آصف کو مبارکباد
کیپشن: مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں ہو گا، عثمان ڈار۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان ڈار نے کہا خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم ہونے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں لیکن جب خواجہ آصف کو نااہل کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ عثمان ڈار مجھے سیالکوٹ میں شکست نہیں دے سکا تو اس نے عدالتوں کا سہارا لیا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اب خواجہ آصف سے میرا مقابلہ سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں ہو گا۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میں مریم نواز اور نواز شریف کو خصوصی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ وہی سپریم کورٹ ہے جس کے لیے آپ لوگ تضحیک آمیز باتیں کرتے ہیں لیکن آج عدلیہ نے ان کا وزیر خارجہ بحال کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لے لیا

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ان کی تاحیات نااہلی ختم کر دی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رواں برس 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اُس وقت کے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔ جس کے بعد خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف 2 مئی کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں