نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں میں عدم اتفاق

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں میں عدم اتفاق
کیپشن: image by facebook

لاہور: پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں میں رابطوں کا فقدان سامنے آیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے تین نام دیئے ہیں جب کہ پنجاب میں سابق پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ انہوں نے چار نام سپیکر کو دیے ہیں۔

پنجاب میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر محمود الرشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود الرشید نے بتایا کہ ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے مزید دو نام دے دیئے ہیں جن میں اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار شامل ہیں, ان کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ اتوار تک کسی نام پر اتفاق ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے:پاکستان تحریک انصاف نے ایک اور یوٹرن لے لیا

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے 3 نام تجویز کیے جس میں اوریا مقبول جان کی جگہ ایاز امیر کا نام شامل کیا گیا ہے۔ 

جب کہ دو ناموں میں حسن عسکری اور یعقوب اظہار کے نام شامل ہیں , فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رابطوں کے فقدان کی وجہ سے کچھ غلط فہمی ہوئی۔ 

انہوں نے کہا کہ اوریا مقبول جان کے نام کا ذکر رہا لیکن جو نام طے ہوئے اور جو منظور کیے ان میں اوریا مقبول جان کا نام شامل نہیں تھا۔ 


ان کا کہنا ہے کہ 4 رکنی کمیٹی شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، شفقت محمود اور علیم خان نے جو نام منظور کیے ان میں ایاز امیر کا نام شامل تھا۔ بعد ازاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ میں نے براہ راست پارٹی چیئرمین سے مشاورت کرکے اوریا مقبول جان کا نام شامل کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے مجموعی طور پر 4 نام دیئے ہیں، ایاز امیر کا نام مجھے بعد میں ملا ہے جو کہ پارٹی کی جانب سے چوتھے نمبر پر تجویز کیا گیا ہے۔