لیڈز ٹیسٹ: ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا مہنگا پڑگیا، پاکستان 174 پر آل آؤٹ

لیڈز ٹیسٹ: ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا مہنگا پڑگیا، پاکستان 174 پر آل آؤٹ
کیپشن: image by cricinfo

لیڈز: انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔


پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کو ابتدا ہی سے انگلش بولروں نے پریشان رکھا۔ گرین شرٹس کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جو اسٹورٹ براڈ کی گیند پر سلپ میں موجود انگلش کپتان جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

امام الحق کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ حارث سہیل 28 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند کا شکار بنے۔

پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جب اسد شفیق 27 رنز بناکر ووکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔آگے آنے والے بیٹسمین بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد 14، عثمان صلاح الدین 4 جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر گرین شرٹس کا اسکور سات وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز تھا۔

پاکستان کے اختتامی بلے بازوں نے کچھ مزاحمت دکھائی اور آخری تین وکٹیں اسکور میں 95 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔شاداب خان اور محمد عامر کے درمیان 34، شاداب اور حسن علی کے درمیان 43 جبکہ شاداب اور محمد عباس  کے درمیان 18 رنز کی شراکت نے پاکستان کو شرمندگی سے بچالیا۔

شاداب خان نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن 3، اسٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس 3 جبکہ ڈیبیو کررہے سیم کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلیںڈ کو شکست دے کر 22 سال بعد سیریز اپنے نام کرنے کا خواہاں ہے۔


پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ لیڈز وکٹ بیٹنگ کے سازگار نظر آ رہی ہے اور اس کا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ آخری مرتبہ قومی ٹیم نے وسیم اکرم کی قیادت میں 1996 میں انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ 

پاکستان اس اہم ترین میچ میں نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ دی جنہیں میچ کے دوران زخمی ہونے والے بابر اعظم کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔گزشتہ 8 میں سے 6 ٹیسٹ ہارنے والی انگلش ٹیم بدترین دور سے گزر رہی ہے جسے میچ جیت کر سیریز بچانے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔

انگلینڈ کو گزشتہ 6 ماہ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشیز میں چار صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔اگر لیڈز ٹیسٹ پاکستان نے جیت لیا یا میچ ڈرا ہوگیا تو انگلش ٹیم جوئے روٹ کی قیادت میں مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز ہار جائے گی۔

پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں 13-2012 میں انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کر چکی ہے اور اگر آج شروع ہونے والے لیڈز ٹیسٹ میں گرین کیپس نے میزبان ٹیم کو شکست دی تو سرفراز، مکی آرتھر اور انضمام کے کمبی نیشن میں پاکستانی شاہین ایک اور اعزاز اپنے نام کر کے بلندیوں کی جانب پرواز کریں گے۔