پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 7 جون کو کیس کی سماعت کرے گا۔اس حوالے سے سپریم کورٹ نے پرویز مشرف اور اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری کر دیئے۔

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن 2013 سے قبل تاحیات نااہل قرار دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے 2016 میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

4 اپریل 2016 کو سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی تھی۔ اس وقت اس کیس پر سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کی تھی۔

سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا تھا کہ انتخابات ہونے کے بعد کیا یہ اپیل اب غیر موثر نہیں ہو چکی؟۔ جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت نے پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا ہے۔

تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔سماعت کے بعد عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی تھی جو اب 7 جون 2018 کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔