اعجاز الحق نے شیخ رشید کو جھوٹا قراردیدیا

اعجاز الحق نے شیخ رشید کو جھوٹا قراردیدیا


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجاز الحق نے شیخ رشید کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہا ایٹم بم ضیاءلحق کے دور میں مکمل ہوا ،نواز شریف نے ڈھماکے کیے ، تاریخ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرنیوالے وزیر اس وقت کی اپنی ویڈیو دیکھ لیں تو یاداشت واپس آ جائے گی۔

اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت کی ذمہ دار کابینہ میں موجود ایک وزیر جو 28 مئی 1998 کو دھماکوں سے خوفزدہ ہوکر پاکستان سے بھاگ گئے تھے، حیرت ہے کہ وہ اب ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لے رہے ہیں اور غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ تاریخ اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور حکومت کی بنیادوں کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں، یہ اپنی ویڈیو دیکھ لیں تو یاداشت واپس آ جائے گی۔

اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان کا ایٹم بم ایک معجزہ ہے، دنیا کی طاقتیں ہر سال پاکستان کو یورینیم کی افزدوگی میں اضافے سے استثنیٰ دینے پر مجبور ہوچکی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ایٹم بم ضیاءلحق کے دور میں مکمل ہوا اور نوازشریف دور میں دھماکے کیے گئے، آججنھیں ایٹم بم کی اسپیلنگ نہیں آتی وہ دھماکوں کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ 1998 میں نواز شریف اور پوری کابینہ ایٹمی دھماکوں کے خلاف تھی، ایٹمی دھماکے راجا ظفر الحق، ایوب خان اور میں نے کیے تھے لیکن دھماکوں کے عین وقت مجھے قومی ذمہ داری کے طور پر ملک سے باہر جانا پڑ گیا تھا۔

شیخ رشید کے دعوے کے ردعمل میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید دھماکوں کے وقت ملک سے بھاگ گئے تھے۔