کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، گورنرسندھ کا ایم ڈی کے-الیکٹرک پر اظہار برہمی

کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، گورنرسندھ کا ایم ڈی کے-الیکٹرک پر اظہار برہمی
کیپشن: کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، گورنرسندھ کا ایم ڈی کے-الیکٹرک پر اظہار برہمی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: گورنرسندھ عمران اسمٰعیل نے کراچی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے معاملات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایم ڈی کے-الیکٹرک مونس علوی کو مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

گورنرسندھ کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران اسمٰعیل نے ایم ڈی کے-الیکٹرک مونس علوی کو گورنر ہاﺅس میں طلب کیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایم ڈی کے-الیکٹرک کو ہدایت جاری کی کہ شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے معاملات کو ذاتی طور پر دیکھیں اور شہریوں کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کریں۔

ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر سے بھی فون پر رابطہ کیا اور شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے صورت حال کو بہتر بنانے اور کے-الیکٹرک کے معاملات میں بہتری لانے پر زور دیا۔ بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بھی ایم ڈی کے-الیکٹرک مونس علوی کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔

خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رواں ماہ کے اوائل میں 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے کی وجہ سے شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے تھے۔ کے-الیکٹرک کی جانب سے کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال کردی گئی تھی۔