حامد میر کے پروگرام میں کبھی نہیں جاؤں گا، غیرملکی آقاؤں کے کہنے پر ایجنسیوں پر الزام لگایا جا رہا ہے: شیخ رشید

حامد میر کے پروگرام میں کبھی نہیں جاؤں گا، غیرملکی آقاؤں کے کہنے پر ایجنسیوں پر الزام لگایا جا رہا ہے: شیخ رشید
سورس: file

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حامد میر کے پروگرام میں کبھی نہیں جاؤں گا۔ غیرملکی آقاؤں کے کہنے پر یہ لوگ ایجنسیوں پر الزام لگا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ  کسی صحافی کانام فی الحال بلیک لسٹ میں  آ رہا ہے اور نہ ہی ای سی ایل میں ، میرے پاس کسی کا کوئی کیس نہیں ہے ۔ امید ہے کہ اسد طور کے کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  اسد طور کے کیس میں اشتہار دینے جارہے ہیں   اس معاملے میں ایک آدمی کی شناخت کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں ۔ نادرا ، ایف آئی اے اور پولیس تحقیقات کر رہی ہیں۔، فنگر پرنٹس کی رپورٹ بھی  کل آجائے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  غیرملکی آقاﺅں کے کہنے پر یہ لوگ ایجنسیوں پر الزام لگا رہے ہیں ، بے بنیاد الزام سے پاکستان کے تشخص کو نقصان ہو گا ۔

پی ڈی ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہو چکی ہے ، پی ڈی ایم میں ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان ہیں ،پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے سب میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں ، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ن میں سے ش نکلے گی اور جب میں کہتا تھا تو تب میرا مذاق اڑاتے تھے ۔

 دورہ کویت کے معاملے پر شیخ رشید کا کہناتھا کہ 2011 کے بعد کویت کا کامیاب دورہ تھا ۔ کویت کے حکام سے ویزوں کے بارے میں بات ہوئی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کویت دورہ پر گیا۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے دور میں سائبر کرائم کے 36 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 5 ہزار انکوائریاں مکمل کرلی ہیں،ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ٹیکنالوجی دی جائے۔ ہم نادرا میں بھی بہتری چاہتے ہیں۔

ایک اور سوال پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ میری دس سے 12 سال میں حامد میر سے کبھی بات ہوئی ہے اور نہ ہی پروگرام میں گیا ہوں ، نہ کبھی جاؤں گا ۔