پی ایس ایل کی مشکلات میں اضافہ، ابوظبی سے شارجہ منتقل کرنے پر غور

پی ایس ایل کی مشکلات میں اضافہ، ابوظبی سے شارجہ منتقل کرنے پر غور
کیپشن: پی ایس ایل کی مشکلات میں اضافہ، بھارتی براڈ کاسٹر کو یو اے ای سے نکال دیا گیا
سورس: فائل فوٹو

ابوظہبی: پی ایس ایل 6 میں نئی مشکل کھڑی ہو گئی۔ بھارتی براڈ کاسٹر کو ہوٹل سے نکال دیا گیا۔ دوسرے براڈ کاسٹرز کے لئے کوششیں شروع کر دیں جبکہ  پاکستان سپرلیگ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کرنے پر غورکیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابوظہبی میں اس وقت نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑگیا جب عرب امارات کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر انڈین براڈ کاسٹرز کو ہوٹل سے نکال دیا گیا۔

انڈین براڈ کاسٹرز راسلخیمہ سے سٹرک کے راستے ابوظہبی پہنچے تھے جس پر انڈین براڈ کاسٹرز کو عرب امارات سے واپس بھارت بھیج دیا گیا جب کہ پی سی بی نے انڈین براڈ کاسٹرز کی جگہ دوسرے براڈ کاسٹرز کے لئے کوششیں شروع کر دیں۔

دوسری جانب  بھارتی ٹیکنیشنز پر ابوظبی کے محکمہ صحت کے اعتراضات کے باعث پاکستان سپرلیگ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کرنے پر غورکیا جا رہا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل پاکستان کو پی ایس ایل 6 کے لیے کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات بھجوانے کے لیے ویزا مسائل کا سامنا تھا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سمیت متعدد کرکٹرز کو یو اے ای کے ویزے وقت پر جاری نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہوئے تھے تاہم سرفراز احمد گزشتہ روز ابوظہبی کے لیے روزنہ ہوگئے تھے جو اس وقت بحرین میں موجود ہیں اور آج وہاں پہنچ جائیں گے جب کہ 7 کھلاڑیوں کو اب بھی ویزا جاری نہ ہوسکا اور وہ پاکستان میں انتظار کررہے ہیں۔