حکومت پانچ دن میں گرے یا پانچ سال میں، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے: مولانا فضل الرحمان

حکومت پانچ دن میں گرے یا پانچ سال میں، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے: مولانا فضل الرحمان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ناجائز اور ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت پانچ دن میں گرے یا پانچ سال میں،ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور آج بھی ہمارا ہدف وہی ہے جو کل تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ سوات اور کراچی میں جلسے ہوں گے اور عوام میدان میں آئیں گے، جو لوگ غلطی کر کے پی ڈی ایم کی گاڑی سے اترے، انہیں اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے، اپوزیشن کے ساتھیوں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہتے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے چند روز قبل ہونے والے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے اور کرپشن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم رفیق تارڑ کی زیر صدارت قانونی ٹیم تشکیل دی جائے گی جبکہ 4 جولائی کو سوات میں جلسے سے احتجاجی تحریک کا آغاز ہو گا جس کے بعد 29 جولائی کو کراچی میں جلسہ کیا جائے گا اور 14 اگست کو یوم آزادی منائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کسی بھی قسم کے چیلنج کا سامنا نہیں کر سکتی کیونکہ یہ عوام کی منتخب کردہ حکومت نہیں ہے۔ حکومت کی کرپشن اور غیر آئینی اقدامات کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جس کیلئے قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اس میں شامل ہوں گے۔