شاہ محمود قریشی کی قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

شاہ محمود قریشی کی قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 22 کروڑ کی آبادی پر مشتمل وسیع مارکیٹ ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قطری شاہی خاندان کے رکن شیخ علی عبداللہ الثانی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستانی میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ کی آبادی پر مشتمل وسیع مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاروں کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ 
ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ الثانی نے وزیر خارجہ کی دعوت پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور پاک قطر تکافل گروپ، پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے۔ 
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ’ای ویزہ‘ سمیت بہت سی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، قطری کمپنیاں پاکستان میں تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کماسکتی ہیں۔